’’روڈیل تم اس رقم کا کیا کرو گے.
جاوید چوہدری ہفتہ 8 اکتوبر 2016
فلپ ایٹکنز اپنی گرل فرینڈ سٹیسی آرم اسٹرانگ کے ساتھ گاڑی میں جا رہا تھا‘ یہ مکی کوبرا گینگ کے ساتھ تعلق رکھتا تھا‘ شکاگو شہر میں بے شمار گینگز ہیں‘ مکی کوبرا ان گینگز میں سے ایک گینگ تھا اور فلپ ایٹکنز اس گینگ کا کل پرزہ تھا‘ یہ 15 دسمبر 1993ء کی رات اپنی گرل فرینڈ کے ساتھ سفر کر رہا تھا‘ اچانک اس کی گاڑی پر حملہ ہو گیا‘ فلپ مارا گیا‘ سٹیسی آرم اسٹرانگ زخمی ہو گئی‘ پولیس آئی‘ فلپ کی لاش اٹھائی‘ سٹیسی آرام اسٹرانگ کو اسپتال پہنچایا اور تفتیش شروع کر دی۔
پولیس نے سٹیسی کو شہر کے تمام گینگسٹرز کی تصاویر دکھائیں‘ سٹیسی نے ان میں سے ایک شخص کو شناخت کر لیا‘ سٹیسی کا کہنا تھا یہ شخص حملہ آور جیسا دکھائی دیتا ہے‘ اس شخص کا نام روڈیل سینڈرز تھا‘ وہ سیاہ فام تھا اور پولیس اسے اکثر چھوٹے موٹے جرائم میں بلاتی رہتی تھی‘ پولیس نے 14 جنوری 1994ء کو روڈیل سینڈرز کو گرفتار کر لیا‘ روڈیل نے قتل سے انکار کر دیا‘ اس کا کہنا تھا ’’میں قتل کی رات موقع واردات سے بہت دور بیٹھا تھا‘ مجھے جان بوجھ کر پھنسایا جا رہا ہے‘‘ لیکن پولیس نے اس کا موقف مسترد کر دیا۔
پولیس نے سٹیسی سمیت آدھے درجن گواہ جمع کر لیے‘ گواہوں میں ہیز لیٹ (Haslett) نام کا ایک گینگسٹر بھی شامل تھا‘ ہیز لیٹ نے گواہی دے دی‘ پولیس نے مقدمہ عدالت میں پیش کر دیا‘ جج نے گواہوں کی گواہی اور پولیس کی تفتیش کی روشنی میں جنوری 1995ء میں روڈیل سینڈرز کو 80 سال قید کی سزا سنا دی‘ روڈیل کی عمر اس وقت 30 سال تھی‘ وہ شادی شدہ تھا‘ اس کے تین بچے تھے‘ اس نے فیصلے کے خلاف اپیل کی لیکن بدقسمتی سے اپیل خارج ہو گئی جس کے بعد روڈیل تھا‘ جیل تھی اور زندگی کے بے کیف دن اور رات تھے‘ مجرم نے اب پوری زندگی جیل میں گزارنی تھی۔
روڈیل کے پاس دو آپشن تھے‘ یہ قسمت کے لکھے کو مان کر خود کو حالات کے رحم و کرم پر چھوڑ دیتا یا پھر یہ انصاف کے لیے ’’فائیٹ‘‘ کرتا‘ روڈیل ’’نیچرل فائیٹر‘‘ تھا‘ یہ ڈٹ گیا‘ اس نے ہار ماننے سے انکار کر دیا‘ اس کا فیصلہ اچھا تھا لیکن قانون سے لڑنے کے لیے قانون دانوں کی ضرورت ہوتی ہے اور اسے وکیلوں پر یقین نہیں تھا‘ روڈیل کا خیال تھا وکیلوں کو صرف فیس سے غرض ہوتی ہے‘ یہ لوگوں کو صرف قانون کی نظر سے دیکھتے ہیں۔
قانون کسی کو مجرم سمجھ رہا ہے تو وہ شخص مجرم ہے خواہ وہ کتنا ہی معصوم کیوں نہ ہو اور اگر کسی شخص کو قانون نے بے گناہ قرار دے دیا تو وہ شخص کھوپڑیوں کے مینار بنائے یا ہیرو شیما اور ناگاساکی پر ایٹم بم گرا دے وہ ہیرو ہوتا ہے‘ روڈیل سمجھتا تھا وکیلوں کے پاس درجنوں کیس ہوتے ہیں‘ یہ ہر کیس کو مکمل توجہ نہیں دے سکتے اور وہ یہ بھی سمجھتا تھا وکیل سست ہوتے ہیں‘ یہ مؤکل کے لیے زیادہ کام نہیں کرتے مثلاً اس کا خیال تھا‘ اس کا وکیل اگر سٹیسی اور ہیز لیٹ پر جرح کرتا تو وہ لوگ یقینا جھوٹے ثابت ہو سکتے تھے لیکن وکیل نے ان پر توجہ نہیں دی۔
روڈیل نے سوچا میں نے اگر انصاف لینا ہے تو پھر مجھے اپنا کیس خود لڑنا ہو گا لیکن کیس لڑنے کے لیے قانون کی تعلیم ضروری تھی اور وہ اسکول سے بھاگا ہوا تھا‘ وہ کئی دن سوچتا رہا یہاں تک کہ اس نے جیل میں رہ کر قانون کی تعلیم حاصل کرنے کا فیصلہ کر لیا‘ اس نے والدین سے قانون کی کتابیں فراہم کرنے کی درخواست کی‘ والدین غریب اور کتابیں بہت مہنگی تھیں لیکن والدین نے اس کے باوجود ہزار ڈالر جمع کیے‘ قانون کی کتابیں خریدیں اور یہ کتابیں روڈیل کو جیل میں پہنچا دیں‘ اس نے خود کو مطالعے کے لیے وقف کر دیا۔
وہ ہفتے میں ساتوں دن روزانہ گیارہ گھنٹے پڑھتا تھا‘ اس نے والدین‘ بیوی اور بچوں کو اپنی ملاقات تک سے روک دیا‘ وہ مسلسل پڑھتا رہا یہاں تک کہ وہ پورا قانون گھول کر پی گیا‘ اس نے جیل سے قانون کے امتحان بھی دیے اور وہ یہ امتحان بھی امتیازی نمبروں سے پاس کر گیا‘ روڈیل نے 8 سال قانون کی کتابیں پڑھیں‘ وہ قانون سمجھ گیا‘ اس نے 2003ء میں اپنی پٹیشن تیار کی اور یہ پٹیشن اپیلٹ کورٹ بھجوا دی‘ وہ اگلے تین سال اپیلٹ کورٹ کو پٹیشن کی منظوری کے لیے درخواستیں دیتا رہا‘ اس نے بالآخر عدالت کو قائل کر لیاکہ مقدمے کا اہم ترین گواہ ہیزلیٹ جھوٹ بول رہا تھا اور وکلاء نے جان بوجھ کر اس جھوٹ کا پردہ فاش نہیں کیا۔
اپیلٹ کورٹ نے 2006ء میں درخواست سماعت کے لیے منظور کر لی‘ یہ سماعت 2008ء تک چلی‘ روڈیل نے دو برسوں میں ثابت کر دیا گواہ ہیزلیٹ نے پولیس کے دباؤ میں آ کر گواہی دی تھی‘ وہ جھوٹا تھا اور وہ ابتدائی سماعتوں میں اپنے جھوٹ کا اعتراف کر چکا تھا لیکن پولیس اور سرکاری وکلاء نے جان بوجھ کر اس کے اعتراف کو کیس کا حصہ نہیں بنایا‘ اپیلٹ کورٹ نے روڈیل کا موقف تسلیم کر لیا‘ مقدمہ دوبارہ ٹرائل کورٹ کے سپرد کر دیا گیا۔
ٹرائل کورٹ نے روڈیل کا کیس کھولا اور اکتوبر 2010ء کو از سر نو سماعت شروع کر دی‘ روڈیل نے اپنا مقدمہ خود لڑنا شروع کر دیا‘ یہ کیس اب میڈیا میں آنے لگا‘ شکاگو یونیورسٹی کے لاء ڈیپارٹمنٹ نے بے گناہ مجرموں کی مدد کے لیے خصوصی شعبہ بنا رکھا ہے‘ روڈیل کیس کی خبریں یونیورسٹی تک پہنچیں‘ یونیورسٹی نے روڈیل کی قانونی معاونت کا فیصلہ کر لیا یوں روڈیل کو مفت شاندار وکیل مل گئے۔
یونیورسٹی کے وکلاء 2011ء میں عدالت میں پیش ہونے لگے‘ روڈیل نے 2013ء میں شکاگو پولیس کے خلاف بھی کیس کر دیا‘ اس کا کہنا تھا‘ پولیس نے مجھے پھانسنے کے لیے جعلی شواہد بنائے‘ گواہ خریدے اور میرے مقدمے سے اہم ترین دستاویز نکال دیں‘ عدالت نے یہ کیس بھی سماعت کے لیے منظور کر لیا‘ مقدمہ چلتا رہا یہاں تک کہ ٹرائل کورٹ نے 22 جولائی 2014ء کو ہیزلیٹ کو جھوٹا گواہ اور روڈیل کو قتل کی رات جائے وقوعہ سے دور تسلیم کر لیا‘ اسے باعزت بری کر دیا گیا۔
اسلامی تاریخ،سچی کہانیاں،سیاست و قیادت انکشافات بھرے کالم سنیں
https://www.youtube.com/channel/UC5OSub7hoTUYy8XzYb-a1Og